نئی دہلی،02 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)ملیریا کی موت کا پہلا کیس ملک کے دارالحکومت دہلی کے کورونا بحران کے دوران سامنے آیا ہے۔ ملیریا سے پہلی موت کئی سال بعد ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق مدن پور کھادر کی جے جے کالونی میں رہنے والا چھ سالہ بچہ ملیریا کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔یہ بچہ ستمبر میں مر گیا تھا۔ موت کی وجہ معلوم کرنے کے لئے ریاستی حکومت اور میونسپل کارپوریشن نے ڈیتھ ریویو کمیٹی تشکیل دی تھی۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق بچے کی موت کی وجہ ملیریا ہے۔ اسے دماغی بخاربھی کہتے ہیں۔ اگر بچے کو پہلے علاج کے لیے داخل کرایا جاتا تو وہ بچ سکتا تھا۔
محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس سے قبل ستمبر 2016 میں منڈاولی میں رہنے والے ایک شخص کی صفدر گنج اسپتال میں موت ہوگئی تھی۔ گزشتہ4 سالوں سے دہلی میں ملیریا سے کوئی اموات نہیں ہوئی۔ میونسپل کارپوریشن کے مطابق رواں سال ملیریا کے 223 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ ایک ہفتہ میں ملیریا کے کوئی کیسزسامنے نہیں آئے ہیں۔تاہم گزشتہ ایک ہفتے میں ڈینگو کے 49 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس سال مریضوں کی کل تعداد 950 تک پہنچ گئی ہے۔ جے جے کالونی میں ملیریا سے بچے کی موت کے بعد میونسپل کارپوریشن نے ایک مہم کا آغاز کیا۔ اس دوران کوئی دوسرا متاثر نہیں ملا۔ میونسپل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ یہ خاندان اترپردیش کے امروہہ ضلع میں گیا تھا، اس دوران بچہ بخار کی زدمیں آیا تھا۔